پاکستان-برطانیہ گرین کمپیکٹ پر پیش رفت، گرین یونیورسٹی اور نوجوانوں کے لیے گرین ٹیک مواقع پر اتفاق

اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک سے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں گرین کمپیکٹ کے نفاذ، جاری منصوبوں اور آئندہ کے لائحۂ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران برطانوی ہائی کمشنر نے گرین کمپیکٹ کے ایکشن پلان پر بریفنگ دیتے ہوئے مختلف شعبوں میں جاری پیش رفت سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر مصدق ملک نے اس بات پر زور دیا کہ گرین منصوبوں کا محور ایسے اقدامات ہونے چاہییں جو عوام کو مؤثر، دیرپا اور قابلِ پیمائش نتائج فراہم کر سکیں۔

فریقین نے اسلام آباد میں مجوزہ گرین یونیورسٹی کے قیام سے متعلق پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ بتایا گیا کہ اس منصوبے کے لیے اٹلی سمیت دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مشاورت کا عمل جاری ہے تاکہ ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں جدید تحقیق اور تعلیم کو فروغ دیا جا سکے۔

ملاقات میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (NUST) میں قائم گرین ٹیک ہب کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نوجوانوں کو تحقیق، جدت اور گرین ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ یہی اقدامات مستقبل میں ماحولیاتی مسائل کے مؤثر حل کی بنیاد بن سکتے ہیں۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عملی، قابلِ عمل اور مقامی ضروریات سے ہم آہنگ حل درکار ہیں۔ انہوں نے اس حوالے سے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

ملاقات میں برطانیہ کے یوتھ انٹرپرینیورشپ پروگرامز، برطانوی ہائی کمیشن کے تعاون سے جاری گرین منصوبوں اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے مختلف امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں جانب سے ابتدائی وارننگ سسٹمز کو مزید مؤثر بنانے اور موسمیاتی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ ممکنہ قدرتی آفات کے اثرات کو کم سے کم کیا جا سکے اور عوام کے جان و مال کا بہتر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔