مظفرآباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ریاست بھر میں امن، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور سرکاری املاک کی حفاظت سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں وزراء حکومت چوہدری محمد رفیق نیر، سید بازل علی نقوی اور چوہدری قاسم مجید نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، پرنسپل سیکرٹری، مختلف ڈویژنز کے ڈی آئی جیز، کمشنر مظفرآباد اور ضلعی پولیس سربراہان بھی اجلاس میں شریک ہوئے، اجلاس کے دوران آئی جی پولیس نے وزیراعظم کو ریاست میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی اور حالیہ واقعات کے حوالے سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے ہدایت کی کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے طاقت کا استعمال صرف شرپسند عناصر کے خلاف کریں جبکہ عام شہریوں کے حقوق اور تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال سے عام شہریوں کا کوئی تعلق نہیں اور انہیں کسی قسم کی پریشانی یا ہراسانی کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ چند عناصر کی ہٹ دھرمی اور غیر دانشمندانہ رویے کے باعث حالات خراب ہوئے، تاہم حکومت ریاست میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ نظریۂ پاکستان اور الحاقِ پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی سرگرمیاں ناقابل قبول ہیں اور ریاست میں پاکستان مخالف ایجنڈے کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان کشمیریوں کی محافظ فوج ہے اور ریاست کے عوام اپنی مسلح افواج کے ساتھ مضبوط رشتہ رکھتے ہیں، اجلاس میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر بنانے، عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے اور قانون کی عملداری برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

