کمیٹی اجلاس میں کسی صحافی یا چینل مالک کی گرفتاری کا ذکر نہیں ہوا . سینیٹر طلحہ محمود

اسلام آباد (سٹی رپورٹر) غیر قانونی سگریٹ کیس پر سینیٹ کمیٹی اجلاس کے بعد صحافیوں کا احتجاج، سینیٹر طلحہ محمود کی انکاری ہو گئے ، اسلام آباد میں غیر قانونی سگریٹوں کے خلاف موٹروے پولیس کی کارروائی سے متعلق معاملے پر ہزارہ صوبہ تحریک کی پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں نے بھرپور احتجاج کیا ، احتجاج کرنے والے صحافیوں کا کہنا تھا کہ صحافت کرنا جرم نہیں اور نہ ہی خبر دینا کوئی جرم ہے۔ ان کا مؤقف تھا کہ میڈیا کو دبانے کی کسی بھی کوشش کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

اس موقع پر اے بی این نیوز اسلام آباد کے بیورو چیف زمان مغل نے اپنے آپ کو گرفتاری کے لیے پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس خبر سے متعلق تمام شواہد موجود ہیں اور اگر کسی کو اعتراض ہے تو حقائق کی بنیاد پر بات کی جائے ، دوسری جانب سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے رکن سینیٹر طلحہ محمود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کے اجلاس میں کسی بھی صحافی یا چینل کے مالک کی گرفتاری کا کوئی ذکر نہیں ہوا ، انہوں نے اس تاثر کی تردید کی کہ اجلاس میں اے بی این نیوز کے مالک کی گرفتاری کی بات کی گئی تھی۔

سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ کمیٹی کا اجلاس تقریباً تین گھنٹے جاری رہا جس میں کسٹمز اور ایف بی آر کے نمائندے بھی موجود تھے۔ ان کے مطابق اجلاس میں مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، تاہم گرفتاری سے متعلق کوئی فیصلہ یا ہدایت زیر بحث نہیں آئی ، انہوں نے کہا کہ ان کی اور دیگر ارکان کی عزت اچھالنے کی کوشش کی گئی ہے، جس پر انہیں شدید افسوس ہے ، سینیٹر طلحہ محمود کا کہنا تھا کہ وہ اس صورتحال پر غور کر رہے ہیں کہ آیا وہ مستقبل میں کمیٹی کے رکن رہیں یا نہیں ، انہوں نے الزام عائد کیا کہ آج ایف بی آر کے بعض اہلکاروں کی جانب سے ان کی ساکھ کو متاثر کرنے کی کوشش کی گئی۔

سینیٹر طلحہ محمود نے اس بات پر زور دیا کہ وہ ہمیشہ آزاد صحافت کے حامی رہے ہیں اور کبھی بھی میڈیا کے خلاف نہیں جا سکتے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ قائمہ کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں متعلقہ رپورٹر اور چینل کے مالک کو طلب کیا گیا ہے تاکہ تمام فریقین کو آمنے سامنے بٹھا کر صورتحال کو واضح کیا جا سکے اور حقائق کی روشنی میں معاملے کا جائزہ لیا جا سکے۔