اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) پرتگال سے آئے ہوئے ایک اعلیٰ سطحی سرمایہ کار وفد نے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (FGEHA) کے سینئر افسران سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے ہاؤسنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں چیف انجینئر حسن شاہ، پروجیکٹ کوآرڈینیٹر لائف اسٹائل ریزیڈنسی تنویر حیدر کھوکھر اور اتھارٹی کے دیگر سینئر افسران شریک ہوئے، جبکہ پرتگالی وفد میں محمد سہیل (ڈائریکٹر کمرشل، OLAE)، جوز پاولو اولیویرا (صدر، OLAE)، کارلوس میڈیروس (سینئر انٹرنیشنل کنسلٹنٹ، OLAE) اور سوینی فرنینڈس اولیویرا (لیگل مینجمنٹ اٹارنی) شامل تھے۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے پاکستان کے ہاؤسنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے امکانات، جدید رہائشی منصوبوں اور مشترکہ کاروباری مواقع پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا,اس موقع پر FGEHA کے جاری ترقیاتی منصوبوں، مستقبل کی حکمتِ عملی اور سرمایہ کاری کے مواقع پر جامع بریفنگ بھی دی گئی۔
پروجیکٹ کوآرڈینیٹر لائف اسٹائل ریزیڈنسی تنویر حیدر کھوکھر نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ FGEHA شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کے اصولوں پر کاربند ہے اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے, انہوں نے کہا کہ ادارہ بین الاقوامی شراکت داری کے ذریعے ہاؤسنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھولنے کے لیے پرعزم ہے۔
وفد کو ادارے کے اہم منصوبوں، بالخصوص لائف اسٹائل ریزیڈنسی، اسکائی گارڈن اور G-13 فائیو اسٹار ہوٹل پروجیکٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، بعد ازاں وفد نے G-13 فائیو اسٹار ہوٹل کے لیے مختص پلاٹ کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے منصوبے میں سرمایہ کاری کے امکانات میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔
پرتگالی وفد نے FGEHA کی پیشہ ورانہ صلاحیت، ترقیاتی وژن اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو سراہتے ہوئے مستقبل میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا، وفد نے مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے مواقع پر پیش رفت کے لیے مسلسل رابطے اور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی، ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں دونوں جانب سے اس امید کا اظہار کیا گیا کہ یہ پیش رفت ہاؤسنگ اور سرمایہ کاری کے شعبے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔

