حج خدمات پر پاکستان کو عالمی اعزاز، نجی حج منتظمین اور ڈی جی حج کو سعودی ایوارڈز حاصل

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزارتِ مذہبی امور اور نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے حج 2026 کے منتظمین سے ملاقات ہوئی، جس میں حج انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستانی نجی شعبے کے تین حج منتظمین نے اپنی شاندار کارکردگی کے باعث سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے دیا جانے والا ”لبیکم ایکسیلنس ایوارڈ“ حاصل کیا۔

محمد عفان ذیشان کی المعراج منظم نے پہلی، محمد شاہد رفیق کی ابراہیم منظم نے دوسری جبکہ زعیم اختر کی الفتاح منظم نے تیسری پوزیشن حاصل کی، اسی طرح ڈائریکٹر جنرل حج عبد الوہاب سومرو کو بھی شاندار کارکردگی پر یہ ایوارڈ دیا گیا، وزیراعظم نے تمام حج منتظمین اور ڈائریکٹر جنرل حج کو ایوارڈ ملنے پر مبارکباد دی اور ان کی کارکردگی کو سراہا، انہوں نے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وزارت کے افسران اور عملے کی بھی تعریف کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ ایوارڈ سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے دورانِ حج پاکستانی سرکاری اور نجی اسکیموں کے تحت فراہم کی جانے والی خدمات کا اعتراف ہے، جو پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے، انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان اور وزارتِ مذہبی امور کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں حج 2026 کے انتظامات کو عالمی سطح پر سراہا جانا پوری قوم کے لیے اعزاز ہے۔

وزیراعظم کے مطابق خدمت، محنت اور دیانت ہی قوموں کو عظیم بناتی ہے، اور اس جذبے سے پاکستان کا نام مزید روشن ہو رہا ہے، ملاقات میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ، سیکرٹری مذہبی امور اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔