کم جونگ اُن کا بحریہ کو جوہری ہتھیاروں سے لیس کرنے کا اعلان

نامپو (ویب ڈیسک) شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے اعلان کیا ہے کہ ملک کی بحریہ کو جوہری ہتھیاروں سے لیس کرنے کا منصوبہ جاری ہے جبکہ مستقبل میں 10 ہزار ٹن وزنی جدید جنگی بحری جہاز بھی تیار کیے جائیں گے، شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے سی این اے کے مطابق کم جونگ اُن نے شمالی شہر نامپو میں جنگی بحری جہاز چوئے ہیون کی باضابطہ شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ اعلان کیا۔

یہ بحری جہاز ان دو 5 ہزار ٹن وزنی جنگی جہازوں میں شامل ہے جنہیں گزشتہ سال شمالی کوریا نے لانچ کیا تھا، کم جونگ اُن نے کہا کہ بحریہ کو جوہری ہتھیاروں سے لیس کرنے کا پروگرام منصوبے کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ یہ حکمتِ عملی اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے کہ شمالی کوریا کی جوہری قوت مختلف حالات میں مؤثر انداز میں استعمال کی جا سکے۔

شمالی کوریا اس سے قبل دعویٰ کر چکا ہے کہ چوئے ہیون جنگی جہاز کو انتہائی طاقتور ہتھیاروں سے لیس کیا گیا ہے، سرکاری میڈیا کے مطابق کم جونگ اُن نے اپریل میں اس جہاز کا معائنہ بھی کیا تھا جس کے دوران بحری جہاز سے میزائل تجربات بھی کیے گئے تھے۔