اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمان کو فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پارلیمان کو عزت دی اور چاہتی ہے کہ پارلیمان مؤثر انداز میں اپنا کردار ادا کرے ، وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اگر پارلیمان کو عزت دینی ہے تو پارلیمانی قائمہ کمیٹیوں کو فعال کرنا ہوگا، اپوزیشن کو قائمہ کمیٹیوں میں واپس آکر اصلاحات کے عمل میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، امید ہے اپوزیشن جماعتیں اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے الیکٹورل ریفارمز میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے، موجودہ صورتحال میں اپوزیشن اور حکومتی بینچز دونوں جانب سے الیکشن پراسس سے متعلق شکایات سامنے آ رہی ہیں جب کہ اپوزیشن، حکومتی اتحادی اور حکومتی وزرا بھی الیکشن پراسس پر تنقید کر رہے ہیں ، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ الیکشن پراسس سے متعلق اعتراضات کو دور کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں، قائمہ کمیٹیوں میں واپس آکر اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ صوبوں کی تشکیل کے حوالے سے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مؤقف واضح ہے اور صوبوں کے معاملے پر عوام کی رائے کے ساتھ کھڑی ہوگی، زبردستی کوئی فیصلہ مسلط کرنے کی حمایت نہیں کریں گے، جو فیصلہ کل زبردستی سے قبول نہیں کیا، آج بھی نہیں مانیں گے ، انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے معاملے پر پہلے سے اتفاق رائے موجود ہے، تاہم سندھ میں نئے صوبوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی کا مؤقف سب کے سامنے واضح ہے جہاں اتفاق رائے موجود نہیں، وہاں نئے صوبے نہیں بنانے چاہئیں۔

