مظفرآباد (بیورو رپورٹ) آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے وزارتِ عظمیٰ کے لیے نامزد امیدوار بیرسٹر افتخار گیلانی نے اپنا پہلا ویڈیو پیغام جاری کردیا، جس میں انہوں نے آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی اور عوامی حقوق کے تحفظ کو اپنی حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا ہے ، اپنے ویڈیو پیغام میں بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پاکستان ہو یا آزاد کشمیر، جب بھی اقتدار میں آئی، اس نے تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز کیا اور عوام کے حقوق کا ہمیشہ تحفظ کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا وژن وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کے ترقیاتی وژن کے مطابق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی وفاقی حکومت اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ترقیاتی ماڈل کی طرز پر آزاد کشمیر میں بھی ترقیاتی پروگرامز نافذ کیے جائیں گے ، بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بھی تعمیر و ترقی کا وہی ماڈل اپنایا جائے گا جو اس وقت وفاق اور پنجاب میں جاری ہے، تاکہ خطے میں ترقیاتی سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جاسکے۔
نامزد وزیراعظم کا کہنا تھا کہ “ان شاء اللہ آزاد کشمیر میں ترقی اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا ، انہوں نے مزید کہا کہ عوامی حقوق کا تحفظ اور تعمیر و ترقی ان کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہوں گی، جبکہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے ، بیرسٹر افتخار گیلانی کے پہلے ویڈیو پیغام کو آزاد کشمیر میں نئی حکومت کے ممکنہ ترقیاتی ایجنڈے کے حوالے سے اہم قرار دیا جارہا ہے۔

