یونیورسٹی آف چکوال میں اپنی بہادر پاک افواج کے ساتھ اِظہار یکجہتی اور آپریشن بُنیَان المرصُوص کی کامیابی کے حوالے سے یومِ تشکر و معرکہ حق انتہائی جوش و جذبے سے منایاگیا

چکوال(سٹی رپورٹر)یونیورسٹی آف چکوال میں اپنی بہادر پاک افواج کے ساتھ اِظہار یکجہتی اور آپریشن بُنیَان المرصُوص کی کامیابی کے حوالے سے یومِ تشکر و معرکہ حق انتہائی جوش و جذبے سے منایاگیا۔تفصیلات کے مطابق علی الصبح یونیورسٹی آف چکوال میں یومِ تشکُر کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز نمازِ فجر کے بعد ملک و قوم کی ترقی و سلامتی کیلئے دُعاوں سے ہوا۔جس کے بعد یونیورسٹی آف چکوال کے مین گراؤنڈ میں اسمبلی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر تمام طلباء و طالبات نے یک زبان ہو کر قومی ترانہ پڑھااوراساتذہ اور افسران کے ہمراہ واک کرتے ہوئے یونیورسٹی آف چکوال کے ایڈمنسٹریٹریٹو بلاک پہنچے جہاں یونیورسٹی لان میں سبز ہلالی پرچم کی پرچم کشائی کی گئی۔

اِس کے بعد یونیورسٹی آف چکوال کے سیتھی ہال میں ایک نہایت پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں بریگیڈئیر (ریٹائرڈ ) حمود الرحمٰن (ستارہ امتیاز) نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت فرمائی۔ تقریب میں موجود تمام شرکا نے افواجِ پاکستان کو بھارتی جارحیت کا بھرپوراور منہ توڑ جواب دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر مہمانِ خصوصی بریگیڈئیر (ریٹائرڈ ) حمود الرحمٰن (ستارہ امتیاز) کا تقریب کے شرکا سے خطاب میں کہنا تھا کہ افواج پاکستان نے جس انداز میں بھارتی جارحیت کا دندان شکن جواب دیتے ہوئے دشمن کے فوجی اہداف کو نشانہ بنایا اس پر تمام قوم کا سر فخر سے بلند ہو گیا ہے۔

اس موقع پر معزز مہمان نے بھارتی پروپیگنڈہ کا بھر پور اور موثر جواب دینے پر پاکستان کے “سائبر وارئیرز”کو بھی سلام پیش کیا جو پاکستان کے خلاف ہندوستانی پروپیگنڈہ کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن گئے اور دشمن کے جھوٹ کو ہر قدم پر بے نقاب کیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی آف چکوال کے رجسٹرار ڈاکٹر اشتیاق احمد نے بھی تقریب سے خطاب کیا جس میں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی آف چکوال کے تمام افسران اور طلبہ و طالبات اپنی بہادر اور جَری افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہَمہ وقت وطن کی پکار پر لبیک کہنے کو تیار ہیں۔اس دوران ہال پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونجتا رہا۔تقریب کے اختتام پر رجسٹرار یونیورسٹی آف چکوال ڈاکٹر اشتیاق احمد نے معزز مہمانِ خصوصی بریگیڈئیر (ریٹائرڈ ) حمود الرحمٰن (ستارہ امتیاز) کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔