اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے وزارتِ ریلوے میں امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے ملاقات کی۔ ملاقات نہایت خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں دوطرفہ تعاون اور پاکستان ریلوے کے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بات چیت کی گئی ملاقات کے دوران نیٹلی اے بیکر کو پاکستان ریلوے کے ذریعے علاقائی روابط کے فروغ اور اسٹریٹجک منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر شراکت داری، سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ریلوے کے منصوبے نئی سرمایہ کاری کو فروغ دیں گے اور عوام کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے شعبے میں شراکت داری سے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

وزیر ریلوے نے نیٹلی اے بیکر کو آگاہ کیا کہ پاکستان ریلوے میں تمام ترقیاتی اقدامات وزیراعظم کے وژن کے تحت جاری ہیں۔ ان اقدامات میں ریلوے کا جدید ڈیجیٹائزیشن سسٹم، ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں سے معاہدے، اسٹیشنز کی صفائی ستھرائی کے لیے مؤثر اقدامات، بڑے اسٹیشنز پر ایگزیکٹو CIP لاؤنجز، جدید ویٹنگ ایریاز، ایسکلیٹرز اور مانیٹرنگ سسٹمز کا قیام شامل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ 40 بڑے ریلوے اسٹیشنز پر مسافروں کے لیے مفت وائی فائی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے پاکستان ریلوے کے اسٹریٹجک کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریلوے منصوبوں کی کامیابی نہ صرف ملکی معیشت کو مضبوط کرے گی بلکہ خطے میں روابط کے فروغ کا باعث بھی بنے گی۔ انہوں نے پاکستان ریلوے کی اصلاحاتی کوششوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے تعاون میں مزید دلچسپی کا اظہار کیا.

