راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)سیکیورٹی فورسز نے 24 ستمبر کو ڈیرہ اسماعیل خان کے عمومی علاقے درابن میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا، جہاں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ “فتنہ الخوارج” کے عناصر کی موجودگی کی اطلاع تھی آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران پاک فوج کے جوانوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 13 بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج ہلاک ہو گئے آئی ایس پی آر کاکہناہے کہ مارے گئے دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ یہ عناصر علاقے میں متعدد دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث رہے، جن میں دسمبر 2023 میں درابن میں خودکش حملے میں سہولت کاری، سرکاری اہلکاروں اور معصوم شہریوں کے اغوا اور ٹارگٹ کلنگ شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے بعد علاقے میں مزید ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے آئی ایس پی آر کاکہناہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

