اسلام آباد میں اسپیشل ٹیکنالوجی زون کے قیام پر پیش رفت، سی ڈی اے اور ایس ٹی زیڈ اے کا مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر پلاننگ اینڈ ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ سمیت ایگزیکٹو ڈائریکٹر عامر سلیمی سپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی (STZA) اور سی ڈی اے کے سنئیر افسران نے شرکت کی اجلاس میں اسلام آباد میں قائم ہونے والے مجوزہ اسپیشل ٹیکنالوجی زون کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ملک بھر میں 28 اسپیشل ٹیکنالوجی زونز نوٹیفائیڈ کئے جاچکے ہیں جبکہ اسلام آباد میں سپیشل ٹیکنالوجی زون کیلئے ایک سو چالیس ایکڑ اراضی مختص کی گئی ہے اجلاس کو بتایا گیا کہ اس سپیشل زون میں قومی و بین الاقوامی جدید ٹیکنالوجی سے وابستہ کمپنیاں اور سٹارٹ آپس اپنے دفاتر و پروڈکشن ہاؤس قائم کریں گی۔

اجلاس کو مجوزہ سائٹ کیلئے تیار کردہ ماسٹر پلان سے آگاہ کیا گیا۔ بریفننگ دیتے ہوئے اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد کے اس سپیشل زون میں ٹیکنالوجی زون، ہائی ٹیک پروڈکشن زون، کمرشل اور رہائشی ایریاز شامل ہونگے اجلاس میں بتایا گیا کہ اس زون میں ہائی ٹیک کمپنیوں کیلئے مختلف سہولیات سمیت ٹیکس و ڈیوٹیز میں خصوصی رعایت دی جائے گی۔ اجلاس میں دونوں اداروں کے درمیان ایک ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق ہوا۔ اس ورکنگ گروپ کے قیام کا مقصد منصوبے کو قابل عمل اور جلد فعال بنانا ہے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ اس منصوبے کے مالیاتی پہلوؤں کا جائزہ لیکر ایک قابل عمل اور پائیدار ماڈل تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ دارالحکومت اسلام آباد میں ٹیکنالوجی کے فروغ اور ٹیکنالوجی حب بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ یہ منصوبہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں اسلام آباد میں روزگار کے مواقع بھی پیدا کرے گا۔ اجلاس کے اختتام پر چئیرمین سی ڈی اے نے اس منصوبہ کو کامیاب بنانے کیلئے ایس ٹی زیڈ اے کی تیکنیکی مہارتوں اور تجربات سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا.