لاہور (شوبز رپورٹر)پاکستانی اداکارہ اور سوشل میڈیا سینسیشن ہانیہ عامر نے اپنے پہلے دورۂ ڈھاکہ کے دوران ایک تقریب میں ایسا بیان دے دیا جس نے مداحوں کو حیران کر دیا ڈھاکہ میں منعقد ایک برانڈ ایونٹ کے دوران ہانیہ عامر سے پوچھا گیا کہ اگر انہیں بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان اور بنگلہ دیش کے سپر اسٹار شکیب خان میں سے کسی ایک کو منتخب کرنا ہو تو وہ کس کا انتخاب کریں گی؟ یہ سوال سنتے ہی ہال میں موجود شرکا میں تجسس کی لہر دوڑ گئی اور کئی افراد نے بلند آواز میں شاہ رخ خان کا نام لینا شروع کر دیا۔
چند لمحوں کی خاموشی کے بعد ہانیہ عامر نے پُراعتماد لہجے میں شکیب خان کا نام لیا۔ ان کے اس جواب پر پورا ہال تالیوں اور نعروں سے گونج اٹھا اور بنگلہ دیشی شائقین خوشی سے جھومنے لگے۔ شکیب خان بنگلہ دیش کے مقبول ترین اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں اور ان کی فین فالوونگ پورے خطے میں پھیلی ہوئی ہے ہانیہ عامر نے فوراً وضاحت کرتے ہوئے کہا، ’’مجھے لگتا ہے کہ آپ سب کو شکیب خان زیادہ پسند ہیں، اسی لیے میں نے یہ انتخاب کیا۔‘‘ اس بیان سے یہ تاثر مضبوط ہوا کہ انہوں نے یہ فیصلہ ذاتی پسند کی بجائے اپنے میزبان ملک کے مداحوں کی خوشی کے پیشِ نظر کیا تقریب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی بحث کا آغاز ہوگیا۔ پاکستانی شائقین نے ہانیہ کی حاضر جوابی اور دوستانہ رویے کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ جہاں بھی جاتی ہیں، لوگوں کے دل جیت لیتی ہیں۔ بنگلہ دیشی مداحوں نے بھی ان کے فیصلے کو اپنے ملک کی عزت افزائی قرار دیا اور کہا کہ ہانیہ نے مقامی فینز کا احترام کر کے بہترین مثال قائم کی۔
دوسری جانب بھارتی صارفین نے سوشل میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شاہ رخ خان ایک عالمی لیجنڈ ہیں، اس لیے ہانیہ کو زیادہ محتاط رہنا چاہیے تھا۔ تاہم کئی نیٹیزنز کا کہنا ہے کہ یہ ایک ہلکی پھلکی تقریب تھی اور ہانیہ نے صرف محفل کو مزید دلچسپ بنانے کے لیے ایسا جواب دیا ہانیہ عامر ان دنوں ڈھاکہ میں مختلف برانڈ ایونٹس اور مداحوں سے ملاقاتوں میں مصروف ہیں اور بنگلہ دیشی شائقین کے لیے ان کی یہ موجودگی خوشگوار حیرت کا باعث بنی ہوئی ہے۔

