اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف اور بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس نے کثیر الجہتی تعاون بالخصوص تجارت، علاقائی سطح پر تعاون اور دونوں ممالک کےعوام کے باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں کی خوشگوار ماحول میں گرمجوشی سے ملاقات ہوئی اور انہوں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے دو طرفہ تعلقات کو مزید بہتر اور مضبوط بنانے اور کثیر الجہتی تعاون بالخصوص تجارت، علاقائی تعاون اور دونوں ممالک کے عوام کے باہمی تعلقات کو بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔
وزیراعظم نے باہمی عزت و رواداری، باہمی اعتماد اور علاقائی تعاون و ترقی جیسے مشترکہ مقاصد پر مبنی پاکستان بنگلہ دیش تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کےعزم کا بھی اعادہ کیا۔اس موقع پر بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر نے باہمی سفارتی تعلقات میں بہتری اور عالمی و علاقائی سطح پرپاکستان کے کردار کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے باہمی تجارت اور ثقافتی تعلقات کو بہتر کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان دوستانہ اور گرم جوش انداز میں ہونے والی یہ ملاقات دونوں ممالک کی برصغیراور خطےکے استحکام اورعوام کی ترقی و خوشحالی کے مشترکہ عزم کے لیے مل کر کام کرنے کی عکاس ہے۔

