اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)تحریک لبیک پاکستان (TLP) نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے لاہور سے “اقصیٰ مارچ” کا آغاز کر دیا ہے، جس کے بعد راولپنڈی، اسلام آباد سمیت پنجاب بھر میں سیکیورٹی فورسز نے مختلف شاہراہوں اور داخلی راستوں پر کنٹینرز لگا کر راستے بند کر دیے ہیں، جس سے عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، تحریک لبیک کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ مارچ کا مقصد فلسطین کے مظلوم عوام سے یکجہتی اور اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے سامنے احتجاج کرنا ہے۔ مارچ کے آغاز کے ساتھ ہی لاہور میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جہاں پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کیا، تاہم ہزاروں کارکن پولیس رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور پنجاب کے وزیر قانون کی ہدایت پر دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب بھر میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ اسلام آباد کے داخلی راستوں پر کنٹینرز لگا کر شہر کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے، جبکہ راولپنڈی اور لاہور سمیت کئی شہروں میں انٹرنیٹ سروس بھی جزوی طور پر معطل کر دی گئی ہے ، موٹروے اور جی ٹی روڈ سمیت دیگر مرکزی شاہراہوں کی بندش سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ اسکولز، دفاتر اور اسپتال جانے والے افراد کو مشکلات درپیش ہیں جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔
اسلام آباد پولیس اور فیڈرل کانسٹیبلری کے دستے دارالحکومت کے داخلی راستوں پر تعینات ہیں، جہاں ممکنہ تصادم سے بچنے کے لیے ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ حکومت نے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں کو تیار رہنے کی ہدایت دی ہے۔
جبکہ دوسری جانب و فاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چودھری نے فیض آباد کا دورہ کیا اور مختلف علاقوں میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ، وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے رات گئے تک عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے فرائض سر انجام دینے والے اسلام آباد پولیس و فیڈرل کانسٹیبلری کے جوانوں سے ملاقات کی اور ان کا حوصلہ بڑھایا ، اُنہوں نے فیڈرل کانسٹیبلری اور اسلام آباد پولیس کے جوانوں سے فردا فردا مصافحہ کیا اور ان کے جذبے کو سراہا جبکہ جوانوں سےکھانے پینے کی فراہمی کے بارے میں بھی دریافت کیا ، اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے آئی جی اسلام آباد پولیس کو ہدایت کی کہ ڈیوٹی پر موجود جوانوں کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے، آپ سب پاکستان کے سپاہی ہیں، قانون کی عمل داری یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں ، خیال رہے کہ مذہبی جماعت تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کی جانب سے اسلام آباد پہنچے کی کال کے بعد انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت کے مختلف مقامات کو کنٹینرز کے لگا کر بند کر دیا ہے، جبکہ راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی شاہراؤں پر بھی کنٹینرز لگا دیے گئے ہیں۔

