دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں پوری دنیا کے امن کے لئے ہیں۔عطاء اللہ تارڑ

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں پوری دنیا کے امن کے لئے ہیں۔ یہ بات انہوں نے امریکی ناظم الامور نٹیلی بیکر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، ڈیجیٹل میڈیا شراکت داری سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ امریکی ناظم الامور نے کہا کہ پاکستان کی معیشت استحکام اور ترقی کی سمت بڑھ رہی ہے۔ ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے صف اول کے کردار کو سراہا گیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان صف اول کا کردار ادا کر رہا ہے، دہشت گردی کے خلاف ہماری قربانیاں پوری دنیا کے امن کے لئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے فیک نیوز کے خاتمے اور ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ کے لئے جامع پالیسی متعارف کرائی ہے جن کو مزید اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ سیاحت کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان قدرتی حسن، ثقافتی تنوع اور تاریخی ورثے سے مالا مال ملک ہے، سیاحت کے فروغ سے نہ صرف معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے مابین روابط بھی مضبوط ہوں گے ، انہوں نے کہا کہ حکومت سیاحت کے فروغ کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے تاکہ پاکستان کو عالمی سیاحتی نقشے پر نمایاں مقام حاصل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے بھی قانون سازی کی جا رہی ہے۔ امریکی ناظم الامور نے پاکستان کی جانب سے صحافیوں کے تحفظ کے لئے اقدامات کو سراہا۔