پولیو کے انسداد کیلئے پولیو ورکرز کی خدمات کو سراہتے ہیں، ان کی محنت اور حکومتی اقدامات کی بدولت جلد پاکستان سے پولیو کا خاتمہ ہو گا. وزیراعظم محمد شہباز شریف

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پولیو کے انسداد کیلئے پولیو ورکرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی محنت اور حکومتی اقدامات کی بدولت جلد پاکستان سے پولیو کا خاتمہ ہو گا۔ وہ جمعہ کو انسداد پولیو کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اﷲ تارڑ، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق، انسداد پولیو کیلئے معاونت فراہم کرنے والے اداروں کے حکام اور ملک بھر سے منتخب پولیو ورکرز بھی موجودتھے۔

APP40-241025
ISLAMABAD: October 24 – Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif in a group photo with polio workers of the Pakistan Polio Eradication Programme who were given awards at the World Polio Day Ceremony. APP/MAF/FHA

وزیراعظم نے انسداد پولیو کیلئے وفاقی وزیر صحت، متعلقہ حکام اور عالمی شراکت داروں کی کاوشوں کو لائق تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک سے پولیو کے مکمل خاتمہ کیلئے پرعزم ہیں۔انہوں نے پولیو ورکرز کی جرأت، لگن اور جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات وہ اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر مشکل حالات اور علاقوں میں انسداد پولیو کیلئے خدمات سرانجام دے رہے ہیںِ، ان کی کاوشوں کی بدولت پاکستان سے جلد پولیو کا خاتمہ ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ اپنی، پوری قوم اور حکومت کی طرف سے پولیو ورکرز کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

APP35-241025
ISLAMABAD: October 24 – Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif presents awards to polio workers for the recognition of their services in the Pakistan Polio Eradication Programme, on World Polio Day. APP/MAF/FHA

انہوں نے کہا کہ یوم انسداد پولیو پر تقریب کا انعقاد اس مرض کی روک تھام کیلئے حکومتی عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمہ کیلئے سرگرداں عظیم پاکستانیوں نے اپنی زندگیاں ملک کیلئے وقف کی ہیں۔ انہوں نے ڈبلیو ایچ او، یونیسف، بل گیٹس فائونڈیشن اور سعودی عرب سمیت تمام شراکت داروں کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا جو پاکستان سے پولیو کے خاتمہ کیلئے خطیر رقم خرچ کر رہے ہیں ، قبل ازیں وزیراعظم نے انسداد پولیو کیلئے نمایاں خدمات سرانجام دینے والے پولیو ورکرز میں شیلڈز تقسیم کیں۔ ان میں پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے تمام صوبوں اور علاقوں سے تعلق رکھنے والے پولیو ورکرز شامل تھے .