ہنگو میں یکے بعد دیگرے دو دھماکے،ایس پی آپریشنز سمیت 3 پولیس اہلکار شہید،3 اہلکار زخمی

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں یکے بعد دیگرے دو دھماکوں کے نتیجے میں سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) آپریشنز سمیت 3 پولیس اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔ شہید ہونے والے پولیس افسر کی شناخت ایس پی آپریشنز اسد زبیر کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ ایک دھماکے میں ایس پی آپریشنز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس میں تین دیگر پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

ضلعی پولیس سربراہ خان زیب مہمند نے ایس پی آپریشنز کی شہادت سمیت دیگر اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال ہنگو منتقل کر دیا گیا ہے،پہلا دھماکہ غل مینہ میں ایک پولیس چوکی کے قریب ہوا جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم چوکی کے قریب کا ایک کمرہ تباہ ہو گیا،دوسرا دھماکہ دو کلومیٹر دور دربند کے علاقے میں ہوا جس میں اس پولیس ٹیم کو نشانہ بنایا گیا جو پہلے مقام کا معائنہ کرنے گئی تھی۔اس حملے میں ایس پی اسد زبیر اور تین اہلکار شہید ہو گئے، زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال ہنگو منتقل کر دیا گیا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ اور پولیس کمانڈوز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

دریں اثناء وزیراعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے واقعے کے بعد انسپکٹر جنرل آف پولیس سے فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر ایپکس کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کیا۔وزیراعلیٰ کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ نے اس واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے افسوسناک قرار دیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس واقعے میں ملوث عناصر کو ہر قیمت پر کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور ایسے بزدلانہ حملے سی ٹی ڈی اور خیبر پختونخوا پولیس فورس کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں، جن میں ایک سُپرنٹنڈنٹ آف پولیس بھی شامل ہیں، کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور امن کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے شہید اہلکاروں کے بلند درجات اور ان کے لواحقین کےلیے صبرِ جمیل کی بھی دعا کی۔