چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کی بنگلہ دیش کے آرمی چیف سے ملاقات

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر )چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنے سرکاری دورہ بنگلہ دیش کے دوران بنگلہ دیش آرمی کے چیف آف آرمی سٹاف جنرل واکر الزمان سے ڈھاکہ میں آرمی ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں فریقین نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دفاعی تعاون میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور عسکری قیادت کی مختلف سطحوں پر وفود کے باہمی تبادلوں کے سلسلے کو باقاعدگی سے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

دونوں معزز شخصیات نے بدلتے ہوئے عالمی و علاقائی سکیورٹی ماحول پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان و بنگلہ دیش کی مسلح افواج کے مابین دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات میں تربیت، مشترکہ مشقوں اور انسدادِ دہشت گردی کے تجربات کے تبادلے سمیت مختلف امور شامل تھے۔اس موقع پر دونوں فریقین نے متعدد پلیٹ فارمز پر گمراہ کن اور انتشار انگیز معلوماتی مہمات سے پیدا ہونے والے نئے چیلنجز کو مشترکہ تشویش قرار دیتے ہوئے اس امر پر اتفاق کیا کہ ان خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے تعاون اور مشترکہ کوششوں کو مزید فروغ دینا ناگزیر ہے۔