راولپنڈی (سٹاف رپورٹر )پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ پاک بحریہ قومی خودمختاری کو برقرار رکھنے اور میری ٹائم سرحدوں کے ایک ایک انچ کے دفاع کو یقینی بنانے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔بدھ کوآئی ایس پی آرسے جاری بیان کے مطابق پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگئی۔پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نےکانفرنس کی صدارت کی۔
کانفرنس کے دوران پاک بحریہ کے سربراہ نے میری ٹائم ڈومین میں روایتی اور غیر روایتی چیلنجز سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لئے مستقل جنگی تیاریوں کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے امن و استحکام اور علاقائی میری ٹائم سکیورٹی میں پاک بحریہ کے کلیدی کردار کو مزید اجاگر کیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاک بحریہ قومی خودمختاری کو برقرار رکھنے اور میری ٹائم سرحدوں کے ایک ایک انچ کے دفاع کو یقینی بنانے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔
فورم نے آپریشنل تیاریوں، جاری اقدامات اور مستقبل کے ایونٹس بشمول پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس کے انعقاد اور تیاریوں کا بھی جامع جائزہ لیا جو پاکستان کی بحری صلاحیت کو ظاہر کرنے اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے۔کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس پاکستان نیوی کے اعلیٰ ترین فیصلہ ساز فورم کے طور پر کام کرتی ہے جس میں چیف آف دی نیول سٹاف، پرنسپل سٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز تزویراتی ترجیحات پر غور و خوض کرتے ہیں، آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیتے ہیں اور بحری صلاحیتوں کو قومی سلامتی کے مقاصد سے ہم آہنگ کرنے کے لئے پالیسیاں مرتب کرتے ہیں۔

