لاہور(ویب ڈیسک )نیویارک کے نو منتخب میئر ظہران ممدانی ان دنوں نہ صرف اپنی تاریخی کامیابی بلکہ اپنی مشابہت کے باعث بھی سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنے ہوئے ہیں ، ڈیموکریٹک سوشلسٹ امیدوار ظہران ممدانی نے نیویارک کے میئر کے انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے شہر کے پہلے مسلمان اور کم عمر ترین میئر بننے کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔ انتخابی فتح کے بعد ان کی تصاویر اور ویڈیوز تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔

تاہم پاکستانی صارفین نے ایک نیا زاویہ تلاش کر لیا ہے—ان کے مطابق ظہران ممدانی پاکستانی اداکار جنید خان اور ارسلان نصیر سے حیران کن حد تک مشابہت رکھتے ہیں صارفین نے ظہران ممدانی اور جنید خان کی تصویریں ایک ساتھ شیئر کرتے ہوئے دلچسپ تبصرے کیے، کسی نے انہیں “جنید خان کا ہمشکل” کہا تو کسی نے ” کاربن کاپی” قرار دیا اداکار جنید خان نے بھی یہ تبصرے نظر انداز نہیں کیے۔ انہوں نے انسٹاگرام پر وائرل پوسٹس کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں لکھا”امید ہے کہ اگلی بار نیویارک میں مجھے کچھ وی آئی پی ٹریٹمنٹ ضرور ملے گی!”

دوسری جانب ارسلان نصیر نے بھی ظہران ممدانی سے اپنی مشابہت پر ردعمل دیتے ہوئے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک وائرل پوسٹ شیئر کی اور لکھا “ہاں، یہ سچ ہے… وہ میرا کزن ہے!”انہوں نے مزید مزاحیہ انداز میں کہا “مبارک ہو پاکستان، اب ہمارا ایک دور کا کزن نیویارک کا میئر بن گیا ہے!سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ظہران ممدانی، جنید خان اور ارسلان نصیر کے درمیان اس دلچسپ مماثلت پر تبصرے بدستور جاری ہیں۔

