راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ علامہ محمد اقبال کی فکر و فلسفہ برصغیر کے مسلمانوں کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہے ، آج بھی پاکستان کی نظریاتی و فکری بنیادوں کو مضبوط بنانے میں اقبال کا پیغام مشعل راہ کی حیثیت رکھتا ہے۔یوم اقبال کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی اور خودی کا شعور بیدار کیا اور قوم کو خودداری، ایمان، عمل، انصاف پسندی اور جمہوریت کا درس دیا۔
اقبال کے افکار نے نہ صرف قائد اعظم محمد علی جناح کے قافلے کو منزل کی جانب گامزن رکھا بلکہ نوجوانوں کے دلوں میں ولولہ اور مقصد حیات کی نئی روح پھونکی۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ فلسفہ خودی پر عمل دراصل اقبال سے حقیقی اظہار محبت ہے۔ اقبال کے افکار پر عمل پیرا ہو کر ہی پاکستان کو اعتدال پسند، روشن خیال اور فلاحی ریاست بنایا جا سکتا ہے۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ آج کے دن ہمیں بحیثیت قوم اس عزم کو تازہ کرنا چاہیے کہ ہم علامہ اقبال کے نظریات کو مشعل راہ بنائیں کیونکہ اقبال کا تصور پاکستان ہماری قومی شناخت اور استحکام کی بنیاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ 1930 کے خطبہ الہ آباد نے مسلمانوں کی خودمختاری کے تصور کو نئی سمت دی جس نے بالآخر پاکستان کی بنیاد رکھی۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ نوجوان اقبال کے افکار کو مشعل راہ بنائیں، اپنی خودی پہچانیں اور محنت، ایمان اور عمل کے ذریعے پاکستان کے روشن مستقبل کی تعمیر کریں۔ اقبال کا پیغام نسل در نسل یہ یقین پیدا کرتا ہے کہ خود پر ایمان رکھیں اور اجتماعی بھلائی کے لیے کام کریں۔

