ایف آئی اے ملتان زون کا انسانی اسمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن، 3 ملزمان گرفتار

ملتان (کرائم رپورٹر) ایف آئی اے ملتان زون کی جانب سے انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے تازہ کارروائی میں تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان میں ساجد حسین، اکرام حسن اور محمد ثاقب شامل ہیں۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو گوجرہ، ڈی جی خان اور لیہ کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان شہریوں کو بیرون ملک روزگار کے جھانسے دے کر لاکھوں روپے ہتھیانے میں ملوث تھے تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزم ساجد حسین نے ایک شہری سے سعودی عرب میں ملازمت دلوانے کے بہانے 6 لاکھ 84 ہزار روپے ہتھیائے، ملزم اکرام حسن نے دبئی ملازمت کے جھانسے میں 4 لاکھ 10 ہزار روپے بٹورے، جبکہ محمد ثاقب نے سعودی عرب بھجوانے کے نام پر 7 لاکھ 60 ہزار روپے وصول کیے۔

ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور رقوم وصول کر کے روپوش ہو گئے تھے۔ ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے اور انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔