اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما میاں منظور احمد وٹو طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کی نماز جنازہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا منظور وٹو کا تعلق حویلی لکھا سے تھا اور وہ پنجاب اسمبلی کے سپیکر بھی رہ چکے ہیں۔ وٹو خاندان 1985 کے بعد ہر دور حکومت میں اقتدار کے ایوانوں میں موجود رہا۔ 2018 کے عام انتخابات میں میاں منظور وٹو اوکاڑہ سے آزاد امیدوار کے طور پر میدان میں آئے جبکہ ان کے بیٹے خرم جہانگیر وٹو اور صاحبزادی روبینہ شاہین وٹو پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر حصہ لیے مگر کامیاب نہ ہو سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مرحوم کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی مرحوم کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میاں منظور احمد وٹو نے جمہوری اداروں کے استحکام اور قومی ترقی کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں۔

