راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورس، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) و ہلالِ جرات، نے راولپنڈی کے تاریخی کرائسٹ چرچ میں کرسمس کی تقریبات میں شرکت کی اور مسیحی برادری کے ساتھ خوشیوں کے اس موقع کو منایا ، اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مسیحی برادری کو دلی کرسمس مبارکباد پیش کرتے ہوئے امن، ہم آہنگی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بانیِ پاکستان کا وژن مساوات، آزادی اور مذہبی رواداری پر مبنی تھا، جس میں اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پاکستان کے نظریے کی بنیاد ہے۔

چرچ میں موجود افراد سے خطاب اور گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے پاکستان کی ترقی اور سلامتی میں پاکستانی مسیحیوں کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری نے نسل در نسل پاکستان کی مسلح افواج میں قابلِ فخر اور نمایاں خدمات انجام دی ہیں ، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بین المذاہب ہم آہنگی، باہمی احترام اور قومی اتحاد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی اصل طاقت اس کے تنوع، مساوی مواقع اور مشترکہ آئینی اقدار میں مضمر ہے، جو مذہب، نسل، ذات اور عقیدے سے بالاتر ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج آئینِ پاکستان کے تحت تمام شہریوں کے وقار، سلامتی اور مساوی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں ، اس موقع پر مسیحی برادری کے رہنماؤں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورے پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نہ صرف ملکی دفاع بلکہ مذہبی ہم آہنگی، شمولیت اور قومی یکجہتی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

