اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے شہید محترمہ بینظیر بھٹو عالمِ اسلام کی پہلی خاتون وزیرِاعظم تھیں جنہیں پاکستان کے عوام نے دو بار منتخب کیا،ایک ایسے سیاسی ماحول میں جہاں جمہوریت کو بار بار قدغنوں کا سامنا رہا، آمریت مسلط رہی اور خواتین کے لئے راستے مشکل تر بنائے گئے، انہوں نے آئین، پارلیمان اور عوام کے ووٹ کے حق کے لئے بھرپور جدوجہد کی، انتخابات میں ان کی بار بار کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ پُرامن سیاست اور جمہوریت پر پورا یقین رکھتی تھیں ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی اٹھارویں برسی پر اپنے پیغام میں کہا کہ (آج)27 دسمبر دنیا بھر میں اور خاص طور پر پاکستان میں شہیدِ جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کو یاد کیا جا رہا ہے، ہم ایک ایسی رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں جن کی زندگی اور قربانی پاکستان میں جمہوریت کی جدوجہد سے گہرا تعلق رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو عالمِ اسلام کی پہلی خاتون وزیرِاعظم تھیں جنہیں پاکستان کے عوام نے دو بار منتخب کیا، ایک ایسے سیاسی ماحول میں جہاں جمہوریت کو بار بار قدغنوں کا سامنا رہا، آمریت مسلط رہی اور خواتین کے لئے راستے مشکل تر بنائے گئے، انہوں نے آئین، پارلیمان اور عوام کے ووٹ کے حق کے لئے بھرپور جدوجہد کی، انتخابات میں ان کی بار بار کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ پُرامن سیاست اور جمہوریت پر پورا یقین رکھتی تھیں انہوں نے ان لوگوں کی بات کی جن کی معاشرے میں کوئی آواز نہیں تھی، کسان، مزدور اور غریب خاندان خود کو ان کے قریب محسوس کرتے تھے اور یہی لوگ ان کی سیاست کا مرکز تھے، انہوں نے عوامی فلاح پر توجہ دی اور خاص طور پر نوجوانوں کے لئے روزگار، تعلیم، بنیادی سہولتوں اور سماجی ترقی کے مواقع بڑھانے کی کوشش کی۔

