وزیراعظم شہباز شریف کی حج کے تمام مراحل اسی سال مکمل ڈیجیٹائز کرنے کی ہدایت

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ٹیکنالوجی کے استعمال سے شہریوں کے لیے حکومتی سہولیات تک رسائی مزید آسان بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حجاج کرام کی سہولت کے لیے اسی سال سے حج کے تمام ضروری مراحل کو مکمل ڈیجیٹائز کیا جائے، پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت این آئی ٹی بی کے امور سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا ۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیراعظم نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر متعلقہ وزارتوں کی طرف سے اسلام آباد میں آسان خدمت مرکز کے قیام کےلیے بھرپور تیاریوں کو سراہا۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ حجاج کرام کی سہولت کے لیے اسی سال سے حج کے تمام ضروری مراحل کو مکمل ڈیجیٹائز کیا جائے،اوورسیز پاکستانیوں کے لیے کیو آر بیسڈ فیڈ بیک سسٹم کا جلد جائزہ اجلاس لوں گا۔