اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان توانائی ، زراعت ، معدنیات ، جدید ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون اور طویل المدتی سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔
منگل کو ایکس پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بتایا کہ وہ ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر عالمی تجارت اور سرمایہ کاری کے شراکت داروں کے ساتھ پاکستان کے روابط بڑھانے کے لئے سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس پہنچ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جاری معاشی اصلاحات کی بدولت وسیع مواقع پیدا ہورہے ہیں جس کی بنیاد مضبوط اور کاروباری صلاحیتوں سے بھرپور افرادی قوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی، زراعت، معدنیات اور جدید و ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں نمایاں امکانات موجود ہیں جسے ہم باہمی فائدہ مند معاشی تعاون اور طویل المدتی سرمایہ کاری میں ڈھالنے کے لئے تیار ہیں۔

