موبائل کمپنیوں نے ڈیٹا پیکجز کی قیمتیں بڑھا کر صارفین پر مہنگائی کا بوجھ ڈال دیا، پی ٹی اے خاموش

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) موبائل نیٹ ورک کمپنیوں نے اپنے ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کر کے صارفین کے لیے مشکلات پیدا کر دی ہیں، ذرائع کے مطابق مو بی لنک کمپنی نے ایک ماہ کے اندر اپنے “منتھلی ایکس پلس” پیکج کی قیمت میں 200 روپے اضافہ کر دیا، یہ پیکج ڈھائی سال قبل 275 روپے میں دستیاب تھا، لیکن کمپنی نے اس دوران مسلسل قیمتیں بڑھاتے ہوئے اب ماہانہ 2800 روپے کر دی ہیں۔ اسی طرح دیگر موبائل کمپنیاں بھی اپنے نیٹ پیکجز کی قیمتوں میں اضافہ کر کے صارفین کی جیبیں خالی کر رہی ہیں۔

تاہم، اس حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے افسران مکمل خاموش ہیں۔ کمپٹیشن کمیشن کے لیے بھی یہ لمحہ فکریہ ہے کہ موبائل کمپنیاں ملک میں اپنی مرضی سے ریٹس بڑھا دیتی ہیں،کیپیٹل نیوز پوائنٹ نے پی ٹی اے کے پی آر او سے رابطہ کیا اور بتایا کہ “جائز” کمپنی نے گزشتہ ماہ منتھلی ایکس پلس پیکج کا ریٹ 2600 روپے ماہانہ تھا، جبکہ جنوری میں اس میں 200 روپے کا اضافہ کر دیا گیا، تاہم، پی ٹی اے کے پی آر او نے اس حوالے سے جواب دینے سے گریز کیا۔

اسی طرح “جائز” کمپنی کے پی آر او سے بھی رابطہ کیا گیا، لیکن انہوں نے بھی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں دی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ موبائل کمپنیوں کے اس رویے سے ڈیجیٹل خدمات مہنگی اور ناقابلِ برداشت ہو گئی ہیں۔