صدر مملکت آصف علی زرداری کا یو اے ای کا سرکاری دورہ، آسٹریلیا کے قومی دن پر دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے عزم کا اظہار

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) صدر مملکت آصف علی زرداری نے آسٹریلیا کے قومی دن کے موقع پر آسٹریلیا کے گورنر جنرل اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ دوستانہ اور تعمیری تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پیر کے روز ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان شراکت داری باہمی احترام اور مشترکہ جمہوری اقدار پر مبنی ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ تجارت، سرمایہ کاری اور تعلیم کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ امن اور مشترکہ خوشحالی کے لیے قریبی تعاون جاری رکھے گا، جبکہ موسمیاتی مزاحمت اور جدت کے شعبوں میں بھی باہمی تعاون کے نئے مواقع موجود ہیں۔ صدر نے کہا کہ اعلیٰ سطحی روابط سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تفہیم مزید مضبوط ہوگی، اور پاکستان علاقائی و عالمی امور میں آسٹریلیا کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری آج 26 جنوری سے 29 جنوری 2026 تک متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر روانہ ہو رہے ہیں، جس میں ان کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران صدر مملکت متحدہ عرب امارات کی قیادت سے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت و اقتصادی شراکت داری، دفاع و سلامتی اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔

اس کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا جو دونوں ممالک کے باہمی مفاد سے متعلق ہیں۔ صدر پاکستان کا یہ دورہ حال ہی میں متحدہ عرب امارات کے صدر کے پاکستان کے دورے کے بعد ہو رہا ہے، جو دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے اور اس عزم کی تجدید کرتا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کو باہمی مفاد پر مبنی ایک مضبوط اور ثمرآور شراکت داری میں تبدیل کیا جائے گا۔