مظفر آباد (بیورو رپورٹ )آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون اور برطانوی رکن پارلیمنٹ چوہدری عمران نے جموں وکشمیر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مسئلہ کشمیر، خطے کی موجودہ صورتحال اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک زندہ حقیقت ہے جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری ریاستی جبر، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالی عالمی ضمیر کے لیے ایک بڑا چیلنج ہیں۔وزیراعظم آزادکشمیر نے برطانوی ارکان پارلیمنٹ کے مسئلہ کشمیر پر اصولی موقف اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ برطانیہ عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق دیرپا حل ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی ضمانت ہے۔ملاقات میں برطانوی رکن پارلیمنٹ چوہدری عمران نے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے انسانی حقوق کے تحفظ اور مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر اجاگر کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

