سعودی ولی عہد کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس قومی اور بین الاقوامی امور کا جائزہ لیا گیا

ریاض(ویب ڈیسک )سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سعودی عرب کی وزارتی کونسل نے قومی اور بین الاقوامی امور کا جائزہ لیا ہے۔العربیہ اردو کے مطابق اس موقع پر ولی عہد نے کابینہ کو مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ہونے والی تازہ ملاقات کے بارے میں بریف کیا۔ انہوں نے علاقے کی سلامتی و استحکام سے متعلق ہونے والی بات چیت سے بھی کابینہ کو آگاہ کیا، نیز مشرق وسطیٰ میں تازہ ترین پیش رفت کے ساتھ ساتھ عرب و اسلامی دنیا کے اہم واقعات کے بارے میں رہنمائی دی۔

ولی عہد نے وزرا کو قازقستان کے صدر کی طرف سے موصول ہونے والے حالیہ خط کے بارے میں بھی بتایا۔اس موقع پر کابینہ نے سعودی عرب کے بعض وسرے ممالک کے ساتھ معاہدے، تعاون اور اشتراک کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ان میں کرغزستان، پاکستان، آرمینیا، ترکمانستان، ایسٹرونیا اور کیوبا سمیت کئی دوسرے ممالک سے سعودی معاہدوں پر بھی بات کی گئی، نیز کئی ممالک کے ساتھ مفاہمتی یاداشتوں پر ہونے والے دستخطوں کا بھی ذکر ہوا۔

کابینہ نے سفارتی، اقتصادی، سیاسی، تعلیمی، ماحولیاتی اور طبی امور پر مختلف ممالک کے ساتھ جاری تعاون و اشتراک کے امور کا بھی جائزہ لیا۔ نیز کابینہ نے سعودی اوقاف اور اومان کے درمیان انڈولمنٹ فنڈ کے قیام کے پس منظر میں بھی امور کا جائزہ لیا۔قومی سطح پر لیے گئے مختلف انیشی ایٹیوز جن میں دنیا بھر میں خیراتی منصوبے بھی شامل تھے ان کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ انسانی بنیادوں پر ان کوششوں کو بڑھانے پر غور کیا گیا اور ملکی ترقی و تعمیر کے لیے مملکت بھر میں جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔