ابوظہبی(ویب ڈیسک ) متحدہ عرب امارات میں سوشل میڈیا پر گمراہ کن مواد اور ریاستی سلامتی کے خلاف پروپیگنڈا پھیلانے کے الزام میں مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے 25 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی ایسے وقت میں کی گئی جب سوشل میڈیا پر جنگ سے متعلق ویڈیوز اور معلومات تیزی سے پھیلائی جا رہی تھیں ، اماراتی حکام کے مطابق ملزمان پر الزام ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیوز اور مواد نشر کر رہے تھے جو ریاستی دفاعی اقدامات کو نقصان پہنچانے اور حکومت کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا پھیلانے کا باعث بن رہا تھا۔ بعض افراد مبینہ طور پر میزائل حملوں سے ہونے والے نقصانات کی ویڈیو فٹیج بنا کر اور اسے سوشل میڈیا پر شیئر کر کے صورتحال کو غلط انداز میں پیش کر رہے تھے۔

گرفتار ہونے والوں میں اکثریت بھارتی شہریوں کی بتائی جاتی ہے جبکہ بنگلہ دیش، فلپائن اور نیپال کے شہری بھی شامل ہیں۔ حکام کے مطابق دو پاکستانی شہری بھی زیر حراست ہیں ، متحدہ عرب امارات کے اٹارنی جنرل کی ہدایت پر ان ملزمان کے خلاف فوری قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور انہیں عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ فوجی جارحیت کی تعریف کرنے، دفاعی اقدامات کو نقصان پہنچانے اور گمراہ کن مواد پھیلانے والے عناصر کے خلاف تیز رفتار ٹرائل کیا جائے گا۔
اماراتی حکام نے واضح کیا ہے کہ ریاستی سلامتی کے خلاف کسی بھی قسم کا مواد یا پروپیگنڈا ناقابل برداشت ہے اور ملک میں سلامتی کے خلاف سرگرمیوں پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر گمراہ کن مہم چلانے والوں کو سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

