کراچی (بیورو رپورٹ )گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ سندھ کے ایک ایک ضلع اور گاؤں کی نمائندگی ہماری ذمہ داری ہے جبکہ گورنر ہاؤس کراچی پورے صوبے کی شناخت ہے، کراچی پر منفی پروپیگنڈا بند ہونا چاہئے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ خبر اور پروپیگنڈے میں واضح فرق ہوتا ہے، اس لیے کراچی کے حوالے سے منفی باتوں سے گریز کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ شہر کے مثبت پہلوؤں کو بھی اجاگر کرنا ضروری ہے،انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے معاملات میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ہر چیز کا آڈٹ کرایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے اوپر تنقید کرنے والے لوگ پسند ہیں، تاہم اچھے کاموں کو بھی سامنے لانا چاہیے۔
گورنر سندھ نے اعلان کیا کہ مستحق افراد کے لیے گورنر ہاؤس میں کل سے سحری اور افطار کا اہتمام شروع کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ عید کے بعد نوجوانوں کے لیے آئی ٹی کلاسز کا آغاز بھی کیا جائے گا تاکہ جدید تعلیم کو فروغ دیا جا سکے۔

