اسلام آباد (کرائم رپورٹر) ایف آئی اے امیگریشن نے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات کے ذریعے یورپ جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔ مسافر محمد ابو بکر، جو پرواز PF-720 کے ذریعے عمرہ کے بہانے سعودی عرب جا رہا تھا، کو مشکوک رویے کی بنیاد پر تفتیش کے لیے روکا گیا، ابتدائی پوچھ گچھ میں مسافر عمرہ سے متعلق تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہا، جس کے بعد موبائل فون اور ہینڈ کیری بیگ کی تلاشی لی گئی۔ تلاشی کے دوران ایک سیاہ رنگ کا لیپ ٹاپ برآمد ہوا، جس کی تفصیلی جانچ کے دوران ایل ای ڈی کے پیچھے چھپائے گئے اسپین کے دو جعلی کارڈز، جن میں جعلی ریزیڈنس کارڈ اور ہیلتھ کارڈ شامل تھے، برآمد ہوئے۔
تفتیش کے دوران مسافر نے اعتراف کیا کہ اس نے وزیرآباد کے ایک ایجنٹ سے اسپین پہنچنے کا معاہدہ کیا تھا۔ انسانی اسمگلنگ کے اس منصوبے کے تحت اسے 92 لاکھ روپے ادا کرنے تھے اور جدہ پہنچ کر پاکستانی دستاویزات ضائع کر کے ترکی کے راستے اسپین جانا تھا ،ایف آئی اے امیگریشن نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس منظم انسانی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنا دیا اور مسافر کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل سیالکوٹ منتقل کر دیا۔
ادھر لاہور میں بھی ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کی کارروائی کے دوران محکمہ ETPB کے ڈپٹی سیکرٹری محمد اکرم کو 17 کروڑ روپے کی رشوت کے کیس میں گرفتار کیا گیا۔ ملزم نے شہری سے 200 پلاٹس کی لیز کے بدلے رشوت وصول کی اور لاہور کینٹ میں پلاٹ بھی حاصل کیا، گلگت میں بھی ایف آئی اے نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے سابق ملازم کفایت اللہ کو کروڑوں روپے خرد برد کے الزام میں 20 سال قید اور 8.52 ملین روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔ یہ کامیابیاں ایف آئی اے کے مختلف سرکلز کے محنتی افسران کے اقدامات کا نتیجہ ہیں، جنہوں نے غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا۔

