آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی اور جے یو آئی (ف) کا انتخابی اتحاد، مشترکہ حکمت عملی کا اعلان

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) نے آزاد کشمیر میں انتخابی اتحاد کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے اور آئندہ انتخابات مشترکہ حکمت عملی کے تحت لڑنے پر اتفاق کیا ہے، یہ اعلان جموں و کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں دونوں جماعتوں کے صدور کی مشترکہ میڈیا گفتگو کے دوران کیا گیا ، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ دونوں جماعتیں آئندہ انتخابات ایک مشترکہ اور مربوط حکمت عملی کے تحت لڑیں گی، انہوں نے کہا کہ جے یو آئی (ف) پیپلز پارٹی امیدواروں کے حق میں بھرپور انتخابی مہم چلائے گی جبکہ پیپلز پارٹی بھی جے یو آئی (ف) کے امیدواروں کی مکمل حمایت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ اتحاد اصولی بنیادوں پر قائم کیا گیا ہے اور اس کے دور رس مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ ان کے مطابق دونوں جماعتیں جمہوری اقدار اور سیاسی استحکام کے لیے مشترکہ جدوجہد کریں گی اور یہ اتحاد ایک مضبوط سیاسی قوت بن کر سامنے آئے گا، جمعیت علمائے اسلام (ف) آزاد کشمیر کے امیر مولانا سعید یوسف نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان باقاعدہ انتخابی اتحاد طے پا چکا ہے اور آئندہ انتخابات میں مشترکہ سیاسی حکمت عملی کے تحت حصہ لیا جائے گا۔

انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری، فریال تالپور، چوہدری محمد ریاض اور پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد کے قیام میں پیپلز پارٹی نے مثبت کردار ادا کیا، مولانا سعید یوسف نے کہا کہ دونوں جماعتیں عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ جدوجہد کریں گی اور خدمتِ خلق کے مشن کو جاری رکھیں گی، معاہدے کے مطابق پلندری اور دھیرکوٹ کے حلقوں میں پیپلز پارٹی جے یو آئی (ف) کے امیدواروں کی حمایت کرے گی جبکہ دیگر تمام حلقوں میں جے یو آئی (ف) پیپلز پارٹی امیدواروں کی حمایت کرے گی، دونوں جماعتوں نے اس اتحاد کو خطے کی سیاست میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے اور اتحاد و اتفاق کے ساتھ آگے بڑھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔