صدر آصف علی زرداری کا روسی قیادت کو یومِ فتح پر مبارکباد کا پیغام

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) صدر مملکت آصف علی زرداری نے روسی قیادت کو یومِ فتح پر مبارک باد پیش کی ہے ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے روسی فیڈریشن کے صدر ولادیمیر پوتن اور روسی عوام کو یومِ فتح پر مبارکباد کے پیغام میں کہا کہ فسطائیت کے خلاف عظیم جنگ میں فتح روس کے عوام کی عالمی جدوجہد میں دی گئی قربانیوں کی ایک پُروقار یادگار ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی کامیابی نہ صرف روسی قوم کی ہمت اور عزم بلکہ عالمی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے ان کے کردار کی بھی علامت ہے، پاکستان روس کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ایک منصفانہ، پرامن اور قواعدوضوابط پر مبنی بین الاقوامی نظام کے لیے مشترکہ عزم کو ظاہر کرتا ہے۔