اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سعودی عرب پہنچ گئے جہاں انہوں نے عزیزیہ میں قائم پاکستان حج مشن کے دفتر کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو اور دیگر اعلیٰ حکام نے وزیر مذہبی امور کو حج انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی سردار محمد یوسف نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر وہ سعودی عرب میں حج انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان عازمین حج کی سہولت اور آسائش کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔
انہوں نے سعودی حکومت کے انتظامات کو مثالی اور قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ عازمین حج کی میزبانی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا نے بتایا کہ حج انتظامات کے پلاننگ فیز کو مزید بہتر اور مربوط بنایا جا رہا ہے ڈی جی حج کے مطابق تقریباً 1 لاکھ 19 ہزار سرکاری عازمین حج کی میزبانی کی جا رہی ہے، جبکہ مشاعر کے ایام میں سعودی حکومت نے ہیلپ لائن 1966 بھی متعارف کروائی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مکہ مکرمہ میں عزیزیہ، حئی نسیم اور بطحا قریش میں 273 رہائشی عمارتیں حاصل کی گئی ہیں، جبکہ حرم ٹرانسپورٹ کے لیے 450 بسیں فراہم کی گئی ہیں حکام کے مطابق رش کو کنٹرول کرنے کے لیے ہر نماز سے 30 منٹ پہلے شٹل سروس بند کی جاتی ہے، جبکہ کھانے سے متعلق شکایات ایک فیصد سے بھی کم ہیں مدینہ منورہ میں تمام عازمین کو ریاض الجنہ کی زیارت مکمل کروائی جا چکی ہے، اور تاریخ میں پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں عازمین کو مرکزیہ میں رہائش فراہم کی گئی ہے۔

