بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت زرداری ہاؤس میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی اعلیٰ سطحی مشاورتی بیٹھک، اہم فیصلوں کا امکان

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت زرداری ہاؤس اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کی پارلیمانی قیادت کا اہم اعلیٰ سطحی اجلاس جاری ہے، جس میں آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی، انتظامی اور حکومتی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران یہ تیسرا اہم اجلاس ہے، جس سے آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور کی اہمیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر کی قیادت کو خصوصی طور پر زرداری ہاؤس طلب کیا، جہاں مختلف امور پر مشاورت جاری ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راتھوڑ ، کابینہ اراکین، پارلیمانی نمائندگان، پارٹی کے سینئر رہنما، سابق وزرائے اعظم اور دیگر اہم شخصیات شریک ہیں، اجلاس کے دوران حکومتی کارکردگی، سیاسی صورتحال، انتظامی معاملات اور آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آزاد کشمیر کی مجموعی سیاسی اور انتظامی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ لے رہے ہیں اور مختلف امور پر پارٹی قیادت سے مشاورت کر رہے ہیں، اجلاس میں مستقبل کی سیاسی حکمت عملی، تنظیمی معاملات اور حکومتی امور کے حوالے سے اہم فیصلوں کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

سیاسی حلقوں کے مطابق زرداری ہاؤس میں ہونے والا یہ مشاورتی اجلاس آئندہ دنوں میں آزاد کشمیر کی سیاست اور حکومتی معاملات پر اثرانداز ہو سکتا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران پارٹی کی پارلیمانی حکمت عملی، عوامی مسائل کے حل اور انتظامی امور میں بہتری کے لیے مختلف تجاویز بھی زیر غور ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل فریال تالپور اور وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی سطح پر بھی اہم اجلاس منعقد ہو چکے ہیں، جبکہ موجودہ اجلاس کو حالیہ دنوں کی مشاورتی سرگرمیوں کا اہم ترین مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے، اجلاس کے اختتام پر اہم فیصلوں اور آئندہ لائحہ عمل سے متعلق باضابطہ اعلامیہ جاری کیے جانے کا امکان ہے۔