کمشنر مظفرآباد اور آئی جی پولیس کا سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ، امن و امان کی صورتحال پر اطمینان

مظفرآباد (بیورو رپورٹ) کمشنر مظفرآباد اور آئی جی پولیس آزاد کشمیر نے مظفرآباد شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا اور سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا، دورے کے دوران اعلیٰ حکام نے مختلف مقامات پر تعینات پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور عوامی تحفظ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ آئی جی پولیس نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پولیس فورس اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دے رہی ہے۔

حکام نے شہریوں سے بھی ملاقاتیں کیں اور ان سے موجودہ صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر متعدد شہریوں نے معمولاتِ زندگی کی بحالی اور امن و امان کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا ، آئی جی پولیس نے کہا کہ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور پرامن ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر متحرک ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

دورے کے دوران اس امر کا بھی مشاہدہ کیا گیا کہ شہر میں کاروباری سرگرمیاں اور روزمرہ معمولات معمول کے مطابق جاری ہیں۔ شہریوں نے ریاستی اداروں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے امن و استحکام کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔

کمشنر مظفرآباد اور آئی جی پولیس نے اس موقع پر متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوامی تحفظ اور سیکیورٹی کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ امن و امان کی موجودہ صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔