راولاکوٹ میں سی ایم ایچ کا محاصرہ ختم، سیکیورٹی آپریشن کے بعد صورتحال معمول پر

راولاکوٹ (بیورو رپورٹ) ترجمان آزاد کشمیر پولیس کے مطابق راولاکوٹ میں سی ایم ایچ (سی ایم ایچ راولاکوٹ) کا محاصرہ ختم کر دیا گیا ہے اور اسپتال میں طبی خدمات مکمل طور پر بحال ہو گئی ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی کے بعد سی ایم ایچ روڈ کو کلیئر کرا لیا گیا ہے، ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں شہریوں اور مریضوں کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا جبکہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال بتدریج معمول پر آ رہی ہے۔ بیشتر اہم شاہراہیں کھول دی گئی ہیں اور بازار و تجارتی مراکز میں سرگرمیاں دوبارہ بحال ہو گئی ہیں۔

ترجمان پولیس نے بتایا کہ 6 جون سے جاری کشیدگی کے دوران فائرنگ کے مختلف واقعات میں چار سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے جن میں آزاد کشمیر پولیس کے تین اور ایف سی کا ایک اہلکار شامل ہے، اس دوران متعدد اہلکار زخمی بھی ہوئے، پولیس کے مطابق کچھ مظاہرین کی فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد اپنی ہی اندھا دھند فائرنگ سے جان کی بازی ہار گئے، ترجمان نے کہا کہ صورتحال پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا گیا ہے اور علاقے میں امن بحال ہو چکا ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ سی ایم ایچ راولاکوٹ میں علاج معالجے کی تمام سہولیات بحال کر دی گئی ہیں اور اسپتال معمول کے مطابق کام کر رہا ہے۔ شہداء کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائے گی، پولیس حکام کے مطابق پرتشدد عناصر اور ان کے مبینہ سرغنہ کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ انتشار پھیلانے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

ترجمان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں اور گمراہ کن پروپیگنڈے سے گریز کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی مستند معلومات پر اعتماد کریں۔