راولاکوٹ میں پولیس پر مبینہ حملے اور لاش کی بے حرمتی کی ویڈیو سامنے، تحقیقات جاری

راولاکوٹ(بیورو رپورٹ) پولیس اہلکاروں پر مبینہ حملے اور لاش کی بے حرمتی کے واقعے کی ویڈیو سامنے، تحقیقات جاری ،راولاکوٹ میں 7 جون کو پیش آنے والے مبینہ پرتشدد واقعات سے متعلق ایک ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد صورتحال پر بحث شدت اختیار کر گئی ہے۔ ویڈیو کے حوالے سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ احتجاجی مظاہروں کے دوران بعض افراد نے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر حملہ کیا اور ایک پولیس اہلکار کی ہلاکت کے بعد اس کی لاش کی بے حرمتی کی گئی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب علاقے میں مختلف گروہوں کے درمیان کشیدگی کے دوران احتجاجی سرگرمیاں پرتشدد شکل اختیار کر گئیں، حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ذمہ دار افراد کی نشاندہی کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر زیر گردش ویڈیوز کے حوالے سے مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں، بعض حلقے ان مناظر کو ایک مخصوص تنظیم سے جوڑ رہے ہیں، تاہم تاحال سرکاری طور پر اس کی تصدیق نہیں کی گئی، سکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ ویڈیوز کی فرانزک جانچ اور زمینی حقائق کی بنیاد پر صورتحال واضح کی جائے گی۔

دوسری جانب واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ کشیدگی کو روکا جا سکے، ماہرین کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ معلومات اور جذباتی بیانیے کے پھیلاؤ سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ عوام صرف تصدیق شدہ اطلاعات پر اعتماد کریں، حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور امن و امان برقرار رکھنے میں تعاون کریں، جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔