آزاد کشمیر میں چار مطلوب افراد کے سروں کی قیمت مقرر، حکومت کا کریک ڈاؤن تیز کرنے کا فیصلہ

مظفرآباد (بیورو رپورٹ) حکومت آزاد کشمیر نے کالعدم قرار دی گئی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے مبینہ تعلق رکھنے والے چار مطلوب افراد کے خلاف بڑا اقدام کرتے ہوئے ان کے سروں کی قیمت مقرر کر دی ہے، محکمہ داخلہ کی جانب سے صدر آزاد کشمیر کی منظوری کے بعد باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق شوکت نواز میر، عمر نذیر کشمیری، خواجہ مہران ارشد اور سردار امان خان کو انعامی فہرست میں شامل کیا گیا ہے، چاروں افراد کی گرفتاری یا ان کے بارے میں قابلِ تصدیق معلومات فراہم کرنے والے شخص کے لیے ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا گیا ہے، حکام کے مطابق اطلاع دینے والے شخص کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی، جبکہ انعامی رقم پولیس رولز 1934 کے تحت مقرر کی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب افراد کی فوری گرفتاری کے لیے متحرک کر دیا ہے اور پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری اور مؤثر قانونی کارروائی عمل میں لائے، سرکاری ذرائع کے مطابق حکومت نے کالعدم تنظیموں اور مطلوب عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ سیکیورٹی اداروں کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں امن و امان کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی اور کالعدم تنظیموں سے وابستہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔