اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس کیپٹن (ر) محمد محمود نے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (FGEHA) کے سیکٹر F-14 اور F-15 کا تفصیلی دورہ کیا اور ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی کو تیز کرنے کی ہدایت جاری کی۔
دورے کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل FGEHA کیپٹن (ر) ظفر اقبال، نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (NLC) اور ہاؤسنگ اتھارٹی کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ سینیئر پروجیکٹ منیجر NLC اسرار الحق نے منصوبے کی پیش رفت پر بریفنگ دی جبکہ سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔
سیکرٹری نے اراضی سے متعلق زیر التواء معاملات اور بلٹ اپ پراپرٹیز (BUPs) کے کیسز کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ معمول کے اور ترجیحی نوعیت کے کیسز کے لیے الگ الگ ٹیمیں تشکیل دی جائیں تاکہ ترقیاتی سرگرمیوں میں حائل رکاوٹوں کو جلد دور کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ سیکٹر F-14 اور F-15 کو اسلام آباد کے جدید ترین اور مثالی رہائشی منصوبوں میں شامل کرنے کے لیے جدید لینڈ اسکیپنگ، ماحول دوست انفراسٹرکچر، ویلیو ایڈیشن اور اعلیٰ معیار کی شہری منصوبہ بندی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے مقامی درختوں اور سبزے کے تحفظ کے ساتھ جامع ہارٹیکلچر پلان تیار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
دورے کے دوران سائیکل ٹریکس، سولر پاور پلانٹ، رین واٹر ہارویسٹنگ سسٹمز اور چیک ڈیمز جیسے ماحول دوست منصوبوں کو شامل کرنے کی سفارش کی گئی تاکہ پائیدار ترقی اور وسائل کے مؤثر استعمال کو فروغ دیا جا سکے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہارٹیکلچر پلان کا جائزہ ماہانہ جبکہ ترقیاتی کاموں، بنیادی سہولیات اور اراضی سے متعلق امور کی پیش رفت کا جائزہ ہر پندرہ روز بعد لیا جائے گا، منصوبوں کی مؤثر نگرانی کے لیے ہفتہ وار پیش رفت رپورٹس بھی باقاعدگی سے جمع کروائی جائیں گی۔
سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے پانی، بجلی، سیوریج، ڈرینیج، اسٹریٹ لائٹس، مرکزی شاہراہوں اور اندرونی سڑکوں کی بروقت تکمیل کو ترجیح قرار دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سیوریج، ڈرینیج اور بجلی کے منصوبوں پر کام تیز کیا جائے۔ انہوں نے IESCO کے ساتھ مکمل رابطے کے ذریعے بجلی سے متعلق تمام مسائل کے فوری حل اور بجلی کے نیٹ ورک کی تنصیب و توسیع کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی۔

انہوں نے قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کے لیے سیکٹر میں سولر پاور پلانٹ کے قیام کی غرض سے موزوں مقامات کے فوری سروے اور جامع منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔ ساتھ ہی سیکٹرز F-14 اور F-15 کو کمرشل مراکز سے مؤثر طور پر منسلک کرنے اور تمام ترقیاتی اہداف مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی اہمیت بھی اجاگر کی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل FGEHA کیپٹن (ر) ظفر اقبال نے بارش کے پانی کے ذخیرے اور زیر زمین آبی وسائل کے تحفظ کے لیے سسٹین ایبل چیک ڈیمز کے قیام کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے مساجد کی تعمیر اور ڈیزائن کے لیے قومی و بین الاقوامی ماڈلز کا جائزہ لینے اور موجودہ منصوبہ بندی کا ازسرنو جائزہ لینے کی سفارش بھی کی تاکہ مساجد سیکٹر کی خوبصورتی اور شناخت میں نمایاں کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے اراضی کے تحفظ اور غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام کے لیے تمام تجاوزات اور غیر مجاز تعمیرات کے خلاف قانونی کارروائی اور فوری نوٹسز جاری کرنے کی ہدایت بھی کی، سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے ڈائریکٹر جنرل FGEHA، NLC اور متعلقہ افسران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی سرکاری ملازمین کو جدید، معیاری اور بہتر رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور سیکٹر F-14/F-15 کو ایک مثالی، خوبصورت اور پائیدار رہائشی منصوبے کے طور پر ترقی دی جائے گی۔

