اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت، بلوچستان کا این ایف سی حصہ دوگنا کرنے کا اعلان . وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں، ملک کو مستحکم کرنا مشترکہ ذمہ داری ہے، صوبوں کے لیے معاشی وسائل ان کا حق ہے، این ایف سی میں بلوچستان کا حصہ 100 فیصد بڑھا دیا ہے، قومی اسمبلی کے بجٹ کے حوالے سے جاری اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تمام معززممبران قابل احترام ہیں، ایوان میں چاروں صوبوں سے ممبران منتخب ہوکر آئے ہیں، سب کی سیاست،وژن اورخیالات اپنے اپنے ہیں۔

انہوں نے اپوزیشن کو ایک بار پھر بات چیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اراکین ہمارے بھائی ہیں ان سے کوئی لڑائی نہیں، کئی بار کہا کہ آئیں میثاق معیشت اورمیثاق جمہوریت کی طرف بڑھیں، آج بھی کہتا ہوں دیر نہیں ہوئی میں بیٹھنے کیلئے تیار ہوں، میں قدم بڑھانے کو تیار ہوں، آپ بھی آگے آئیں۔

شہباز شریف نے اپوزیشن رہنما محمود خان اچکزئی کی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس تقریر کو غور سے سنا ہے، تاہم اس کا تفصیلی جواب وہ اس وقت نہیں دیں گے اور مناسب موقع پر اپنا مؤقف پیش کریں گے، انہوں نے کہا کہ پاکستان ہے تو یہ ہم ہیں اور یہ معزز ایوان ہے، پاکستان کیلئے جو بھی قربانی دی جائے وہ کم ہے، صوبوں کیلئےمعاشی وسائل ان کاحق ہے، بلوچستان پاکستان کا بہت خوبصورت صوبہ ہے، بلوچستان میں غیوراوردلیرعوام بستے ہیں، این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کا حصہ 100فیصد بڑھایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ بلوچستان کےعوام پر کوئی احسان نہیں تھا، بلوچستان کے این ایف سی کیلئے تمام صوبوں نے کردار ادا کیا، سب سے زیادہ حصہ پنجاب نے دیا، بلوچستان کےکسانوں کواربوں روپے کےسولرپینلزدیئے گئے، وزیراعظم نے کہا کہ برابری اورانصاف کے بغیر تو گھر نہیں چلتا، چاروں صوبوں کو برابر ترقی دینا میری ذمہ داری ہے، چند دن قبل ہیلی کاپٹرحادثہ میں افواج کےافسران اورجوان شہید ہوئے، بلوچستان میں دہشت گردی ہورہی ہے، بلوچستان میں خوارجیوں کوتکنیکی مددفراہم کی جارہی ہے، سب جانتے ہیں دہشتگردی کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو مدد فراہم کی جارہی ہے، گوادرسے چمن تک شاہراہ کی تعمیر میں 300ارب روپے سے زائد خرچ کیا جارہا ہے، خیبرپختونخوا میں بھی دہشت گردی ہورہی ہے،دہشتگردی کےخلاف جنگ میں سکیورٹی فورسزکےافسران اورجوان شہید ہورہے ہیں، انہوں نے یہ بھی کہا کہ شہدا قوم کے کروڑوں بچوں کو یتیم ہونے سے بچاتے ہیں، ہمیں مل کر اپنے شہدا کی قربانیوں کا احترام کرنا چاہئے، شہدا کا احترام نہیں کریں گے تودنیا ہمارے بارے میں کیا سوچے گی، دہشتگردی کےخلاف غفلت پرقوم ہمیں معاف نہیں کرے گی۔