پاکستان کے معدنی شعبے میں بڑی پیش رفت، چاغی میں سونے اور تانبے کی تلاش کا معاہدہ طے پا گیا

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) پاکستان کے معدنی شعبے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، منرلز انویسٹمنٹ فورم کے موقع پر وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی عالمی مائننگ اور سرمایہ کاری کمپنیوں کے سربراہان سے اہم ملاقاتیں ہوئیں .

آئیون ہو مائنز اور ماڑی منرلز کے درمیان بلوچستان کے ضلع چاغی میں تانبے اور سونے کے ذخائر کی تلاش کا معاہدہ طے پا گیا، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے دونوں کمپنیوں کے درمیان معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی ، معاہدے کے تحت دونوں کمپنیاں چاغی میں تانبے اور سونے کے ذخائر کی تلاش اور معدنی وسائل کی استعداد کا جائزہ لیں گی۔

وفاقی وزیر پٹرولیم سے بیرک کارپوریشن کے چیئرمین جان تھورنٹن اور کمپنی کی سینئر قیادت نے بھی ملاقات کی ، اس موقع پر جان تھورنٹن نے کہا کہ پاکستان آنا ہمیشہ خوشی کا باعث ہوتا ہے۔ اعلامیے کے مطابق ملاقات کمپنی کے پاکستان کے ساتھ مسلسل روابط کی عکاس ہے۔

علی پرویز ملک سے برطانیہ کی مائننگ و انجینئرنگ کمپنی وئیر کے چیف ایگزیکٹو اینڈریو نیلسن نے بھی ملاقات کی، اینڈریو نیلسن نے کہا کہ وئیر پاکستان میں ریکوڈک کے ساتھ ساتھ دیگر معدنی منصوبوں میں بھی اپنی شمولیت بڑھانے کی خواہاں ہے۔

وفاقی وزیر پٹرولیم سے عالمی کمپنی ٹریفگورا کے ہیڈ آف میٹلز اینڈ منرلز (مینا) ابراہیم الجزار نے بھی ملاقات کی ، ٹریفگورا نے پاکستان کے زنک اور بیرایٹ منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا جبکہ کمپنی پاکستان میں ایل پی جی، بانڈڈ اسٹوریج اور ریفائنری کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں بھی دلچسپی رکھتی ہے۔

وفاقی وزیر پٹرولیم کی ترکیہ کی کمپنی چالک ہولڈنگ کے چیف ایگزیکٹو مصطفیٰ آکسوئے سے بھی ملاقات ہوئی، جبکہ آئیون ہو مائنز کے وفد نے بھی علی پرویز ملک سے ملاقات کی، وفد کی قیادت رابرٹ فریڈلینڈ نے کی۔

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے جوڑنے کا اہم پلیٹ فارم ہے ، عالمی کمپنیوں کی دلچسپی پاکستان کے معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے امکانات کی عکاس ہے۔