آزاد کشمیر انتخابات مقررہ وقت پر کرانے کا مطالبہ، تاخیر کسی صورت قبول نہیں. مسلم لیگ (ن)

مظفرآباد (بیورو رپورٹ) مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر نے انتخابات کو مقررہ وقت پر کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کسی بھی قسم کی تاخیر یا التوا کی مخالفت کی ہے، پارٹی کے صدر شاہ غلام قادر نے مرکزی و پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ موجودہ اسمبلی کی مدت 3 اگست کو مکمل ہو رہی ہے.

لہٰذا آئینی تقاضوں کے مطابق انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہونے چاہئیں، ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی کی مدت ختم ہونے سے 60 روز قبل الیکشن شیڈول جاری ہونا ضروری تھا اور الیکشن کمیشن نے اسی آئینی اصول کے مطابق شیڈول جاری کیا ہے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر خطے کی ایک بڑی سیاسی قوت اور اہم اسٹیک ہولڈر ہے اور وہ کسی بھی غیر آئینی یا غیر ضروری تاخیر کو قبول نہیں کرے گی۔ شاہ غلام قادر کے مطابق بروقت اور شفاف انتخابات ہی موجودہ سیاسی صورتحال کا واحد حل ہیں۔

انہوں نے پیپلز پارٹی کی جانب سے الیکشن شیڈول واپس لینے کے مطالبے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کو عوامی عدالت کا سامنا کرنا چاہیے، انتخابات سے راہ فرار اختیار نہیں کرنی چاہیے، ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کو الیکشن شیڈول کے حوالے سے درست معلومات فراہم نہیں کی گئیں، پریس کانفرنس میں شاہ غلام قادر نے آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور اشیائے خوردونوش و ادویات کی ممکنہ قلت پر فوری اقدامات کا مطالبہ کیا، انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ کو بازاروں اور دکانوں کی مکمل فعالیت یقینی بنانی چاہیے۔

انہوں نے پاکستان سے آنے والی گاڑیوں سے مبینہ طور پر داخلی راستوں پر بھتہ وصولی کی اطلاعات پر بھی تشویش ظاہر کی اور اسے روکنے کا مطالبہ کیا، شاہ غلام قادر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) 1974 کے عبوری آئین کے ساتھ کھڑی ہے اور پارٹی کسی بھی غیر آئینی مطالبے کی حمایت نہیں کرے گی، انہوں نے 2005 کے زلزلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت بھی انتخابات ملتوی نہیں کیے گئے تھے۔

انہوں نے مشعال ملک کے بعض بیانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں آزاد کشمیر کے معاملات میں مداخلت کے بجائے یاسین ملک کی رہائی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنی چاہئیں، اجلاس میں راجہ فاروق حیدر، چوہدری طارق فاروق، مشتاق منہاس سمیت دیگر مرکزی رہنماؤں نے شرکت کی، پارٹی قیادت نے آئندہ انتخابی حکمت عملی اور امیدواروں کی تیاریوں پر بھی مشاورت مکمل کی۔