مظفرآباد (بیورو رپورٹ) مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر نے پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے عام انتخابات ملتوی کرنے کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہی ہونے چاہئیں۔
مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شاہ غلام قادر کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی اور مرکزی عہدیداران کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی اور انتظامی صورتحال کا واحد حل بروقت، آزادانہ اور شفاف انتخابات ہیں۔
شاہ غلام قادر نے کہا کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مدت 3 اگست کو مکمل ہو رہی ہے، جبکہ آئینی تقاضوں کے مطابق اسمبلی کی مدت ختم ہونے سے 60 روز قبل انتخابی شیڈول جاری کرنا ضروری تھا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے آئین اور قانون کے مطابق شیڈول جاری کیا ہے، لہٰذا اس میں تاخیر یا تبدیلی کا کوئی جواز نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) 1974 کے عبوری آئین کے ساتھ کھڑی ہے اور انتخابی شیڈول میں کسی بھی قسم کی تاخیر کی مخالف ہے، انہوں نے پیپلز پارٹی کو مشورہ دیا کہ وہ انتخابات سے راہ فرار اختیار کرنے کے بجائے عوامی عدالت میں جائے، شاہ غلام قادر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو انتخابی شیڈول کے بارے میں درست معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ ان کے مطابق اگر کسی کو اعتراض تھا تو اسے آئینی اور قانونی فورمز پر اٹھایا جانا چاہیے تھا۔
انہوں نے آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال، اشیائے خوردونوش اور ادویات کی قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ بازاروں اور دکانوں کی فوری بحالی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرحدی راستوں پر مبینہ بھتہ خوری کی اطلاعات کی بھی تحقیقات ہونی چاہئیں، شاہ غلام قادر نے کہا کہ 2005 کے تباہ کن زلزلے کے باوجود بھی انتخابات ملتوی نہیں کیے گئے تھے، اس لیے موجودہ حالات میں بھی انتخابات مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں۔
پریس کانفرنس میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے سینئر رہنما بھی موجود تھے جن میں سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر، سیکرٹری جنرل چوہدری طارق فاروق، سینئر نائب صدر مشتاق منہاس اور دیگر قائدین شامل تھے۔

