شہباز شریف نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امن پسند قرار دے دیا، پاک بھارت جنگ بندی میں کردار کو سراہا

برگن سٹاک (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ امن پسند شخصیت ہیں، اسپیکر باقر قالیباف اور ایران کی قیادت خطے میں امن کیلئے مخلص ہے، برگن اسٹاک میں میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امن پسند شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ایٹمی تصادم کے انتہائی قریب پہنچ چکے تھے، تاہم صدر ٹرمپ کی متحرک اور جرات مندانہ قیادت نے نازک وقت میں مؤثر مداخلت کی، شہباز شریف نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے کروڑوں انسانوں کی زندگیاں بچانے میں اہم کردار ادا کیا، کیونکہ اگر تنازع نہ روکا جاتا تو ایٹمی جنگ کے نتیجے میں بے شمار جانیں ضائع ہو سکتی تھیں، وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ تعلقات قائم ہیں، اور وہ پاکستان کے ساتھ وابستگی پر صدر ٹرمپ کے شکر گزار ہیں۔