قاہرہ میں اسحاق ڈار اور مصری وزیر خارجہ کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال

قاہرہ (ویب ڈیسک) وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے قاہرہ میں آر فور اجلاس کے موقع پر عرب جمہوریہ مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے ملاقات کی، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور پاکستان مصر تعلقات میں مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے سیاسی، اقتصادی، دفاعی، صحت و فارماسیوٹیکل اور کثیرالجہتی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، دونوں جانب سے موجودہ دوطرفہ میکانزم کو دوبارہ متحرک کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے، دونوں فریقین نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال، خصوصاً مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے حال ہی میں طے پانے والے امن معاہدے کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ اس کے مؤثر نفاذ سے خطے میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ ملے گا، ملاقات میں پاکستان اور مصر کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔